پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دیے جانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے منصب پر فائز کرنے کا حکومتی فیصلہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سپہ سالار نے بھارت کے خلاف کشیدگی کے تناظر میں بہترین حکمتِ عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کے خلاف جس پیشہ ورانہ انداز میں دفاعی حکمت عملی اپنائی، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے کردار پر فخر کرتی ہے اور دشمن کو مؤثر انداز میں جواب دینے پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی باقاعدہ منظوری دی تھی، جس کے بعد وہ ملک کی عسکری تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے چند افسران میں شامل ہو گئے ہیں۔





