پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم خان سواتی باہر جانا میرا قانونی حق ہے، بار بار روکا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم خان سواتی نے شکوہ کیا ہے کہ ان کا نام بار بار سفری فہرستوں میں شامل کر کے انہیں بیرون ملک جانے سے روکا جا رہا ہے، حالانکہ باہر جانا ان کا قانونی اور آئینی حق ہے۔
نجی ٹی وی چینل’’جیو نیوز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ انہیں یہ سمجھ نہیں آتی کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی پوری قیادت میں سے صرف انہیں ہی 5 اکتوبر کو گرفتار کیوں کیا گیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں پانچ ماہ تک جیل میں رہا، اس کا جواب میں عوام پر چھوڑتا ہوں۔‘‘
پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کے نتائج پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’فارم 47 والوں کو عوام تسلیم نہیں کرتے، عوام صرف بانی پی ٹی آئی کو اپنا قائد مانتے ہیں۔‘‘
عالمی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے اعظم سواتی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’مودی، آر ایس ایس اور ہٹلر کی پالیسیوں کا ترجمان ہے اور ہندو انتہا پسند جماعت کا نمائندہ ہے۔‘‘
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی ناگزیر ہے، کیونکہ ان کے بغیر ملک سیاسی استحکام حاصل نہیں کر سکتا۔





