رانا ثنا اللہ کی بیرسٹر سیف سے اہم ملاقات ، دونوں میں کیا بات چیت ہوئی ؟ جانئے

رانا ثنا اللہ کی بیرسٹر سیف سے اہم ملاقات ، دونوں میں کیا بات چیت ہوئی ؟ جانئے

رانا ثناء نے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی سے سیاسی مفاہمت کی تجویز پیش کی، جس پر بیرسٹر سیف نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’مفاہمت پر بات ہو سکتی ہے۔‘‘

ملک کی سیاست میں گرما گرمی کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مفاہمت پر گفتگو ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی ) نیوز کے مطابق رانا ثناء اللہ نے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی سے سیاسی مفاہمت کی تجویز پیش کی، جس پر بیرسٹر سیف نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’مفاہمت پر بات ہو سکتی ہے۔‘‘

رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر واضح کیا کہ سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لیے بات چیت سیاسی حکومت سے ہی کرنا ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے گئے، تاہم فیصلہ کن بات چیت کی راہ ہموار ہونا باقی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش پر عمران خان سے مشاورت جاری ہے، لیکن ابھی تک کسی سطح پر باضابطہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ بیانات اور ملاقاتیں اس بات کی غمازی کر رہی ہیں کہ ملک میں سیاسی تناؤ کو کم کرنے کی سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں، اور اگر معاملات آگے بڑھے تو ایک بار پھر ملک میں سیاسی استحکام کی امید پیدا ہو سکتی ہے۔

حکومتی اور اپوزیشن قیادت کی جانب سے بارہا اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے قومی سطح پر اتفاق رائے اور مکالمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔

Scroll to Top