پی ایس ایل فائنل آج ، ہم پلہ ٹیمیں مد مقابل ، سخت مقابلہ متوقع

پی ایس ایل فائنل آج ، ہم پلہ ٹیمیں مد مقابل ، سخت مقابلہ متوقع

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا فائنل آج شام ساڑھے سات بجے دو سابق چیمپئنز لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا فائنل آج شام ساڑھے سات بجے دو سابق چیمپئنز— لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کی امید ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں کارکردگی اور اعداد و شمار کے لحاظ سے ہم پلہ ہیں۔

رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں دو بار مدمقابل آئیں۔ پہلا میچ لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کے ساتھ 79 رنز سے جیتا، جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں اب تک لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 19 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں سے 9، 9 میچز دونوں ٹیموں نے جیتے، جب کہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ اس برابری کی صورتحال نے فائنل کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

قلندرز کے فخر زمان 442 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے سب سے کامیاب بیٹر ہیں، جب کہ گلیڈی ایٹرز کے موجودہ ٹیم ڈائریکٹر اور سابق کپتان سرفراز احمد لاہور کے خلاف 357 رنز بنا چکے ہیں۔

لاہور قلندرز دو مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن رہ چکی ہے، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019ء میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ماہرین اور کرکٹ شائقین دونوں ہی ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔

Scroll to Top