وزیراعظم شہباز شریف 25 سے 30 مئی تک ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور تاجکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ان ممالک کی اعلیٰ قیادت سے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ اہم دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں نئی جہت کا آغاز ثابت ہوگا، جس کا بنیادی مقصد علاقائی روابط کو فروغ دینا، اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پیش رفت کرنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دوست ممالک کے تعمیری کردار اور سفارتی حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
مزید برآں، وزیراعظم 29 مئی کو ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور عالمی فورمز پر ملک کی ترجمانی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ چاروں ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے، خطے میں پائیدار امن، ترقی اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔





