فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افریقی ممالک کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریگا،
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان دوستی ’’دیرپا اور خلوص پر مبنی‘‘ ہے، اور پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تجارت، تعلیم، ثقافت اور مشترکہ ترقی کے منصوبوں میں وسعت کا خواہاں ہے۔اسلام آباد میں افریقہ ڈے کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے افریقی اقوام کو یومِ افریقہ پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس دن کا موضوع ’’ہماری تاریخ پر نظر ثانی، ہمارے مستقبل کی تشکیل‘‘ نہ صرف افریقہ بلکہ پاکستان کے لیے بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ماضی کی جدوجہد سے سبق سیکھ کر ایک مساوات اور ترقی پر مبنی مستقبل کی جانب بڑھنے کا پیغام دیتا ہے۔ گورنر نے افریقی اقوام کی ثقافتی ورثے، اتحاد اور خودانحصاری کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان، بالخصوص خیبرپختونخوا، افریقی اقوام کے ساتھ کئی مشترکہ اقدار رکھتا ہے جن میں خودمختاری، ثقافتی تنوع اور عوامی ترقی شامل ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔
تقریب میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ، افریقی ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، ارکانِ پارلیمنٹ، اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔





