پیسکو انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ چھ ماہ سے لے کر دس سال تک منقطع رہنے والے صنعتی بجلی کنکشنز کو دوبارہ فعال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں طویل عرصے سے بند پڑی صنعتوں کے لیے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے بڑی سہولت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بیمار اور بند صنعتوں کے بجلی کنکشنز کی دوبارہ بحالی کے لیے جامع ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا مقصد صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور واجبات کی وصولی میں بہتری لانا ہے۔ پیسکو انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ چھ ماہ سے لے کر دس سال تک منقطع رہنے والے صنعتی بجلی کنکشنز کو دوبارہ فعال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، بشرطیکہ صارفین اپنے بقایاجات کی ادائیگی 24 ماہ کی اقساط میں کریں۔
صرف پہلی قسط کی ادائیگی پر بجلی کنکشن بحال کر دیا جائے گا، تاہم اقساط کی منظوری مجاز اتھارٹی سے لینا لازمی ہوگا۔
پیسکو نے اپنے تمام متعلقہ دفاتر اور سب ڈویژنوں کو آگاہی مہم اور پالیسی پر فوری عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کی ری کنکشن پالیسی کے تحت، کنکشن کی بحالی کے وقت پوسٹ ڈیٹڈ چیکس جمع کروانا اور ایک ایڈوانس قسط بھی ادا کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بل بقایاجات پر مارک اپ بھی لاگو کیا جائے گا، جس کی شرح نیپرا طے کرے گا اور وہ مارک اپ پہلی قسط کے ساتھ ادا کرنا ہوگا۔
پالیسی کے تحت یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ اگر کسی صنعتی یونٹ نے ماہانہ بل یا قسط کی ادائیگی میں کوتاہی کی تو کنکشن بغیر کسی نوٹس کے منقطع کر دیا جائے گا۔
پیسکو کے اس فیصلے کو صنعتی حلقوں میں مثبت اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف بجلی واجبات کی وصولی میں بہتری لائے گا بلکہ خیبرپختونخوا کی بند صنعتوں کو دوبارہ فعال کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔





