سوات میں سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے سیمینار اور واک کا انعقاد

سوات: خیبرپختونخوا سینٹر آف ایکسیلینس اور یونیورسٹی آف سوات کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی، قومی یکجہتی کے فروغ اور اے پی ایس خضدار بس حملے کی شدید مذمت تھا۔

تقریب میں طلباء، اساتذہ، محققین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں زور دیا کہ تعلیم، مکالمہ اور رواداری کے فروغ کے بغیر پرامن معاشرہ ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنے، انتہاپسندی کا علمی و فکری سطح پر مقابلہ کرنے اور قومی وحدت کو تقویت دینے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

سیمینار کے اختتام پر ایک پرامن واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے اے پی ایس خضدار کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی کیا اور دہشت گردی و اس کے سرپرستوں کی شدید مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیں : پریزنز اسٹاف ٹریننگ اکیڈمی ہری پور میں تمباکو کنٹرول پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

واک کے دوران شرکاء نے “فتنتہ الخوارج” اور “فتنۂ ہندوستان” کے خلاف سخت مؤقف اپنایا اور ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان دشمن عناصر کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔

مقررین اور شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد، بھائی چارہ اور سماجی ہم آہنگی ہی ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں۔

Scroll to Top