کوہاٹ کے قریب کشتی حادثہ ، کتنے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ؟جانئے

کوہاٹ کے قریب کشتی حادثہ ، کتنے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ؟جانئے

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کے قریب دریائے سندھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کشتی الٹنے کے باعث 9 افراد دریا میں جا گرے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کے قریب دریائے سندھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کشتی الٹنے کے باعث 9 افراد دریا میں جا گرے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق مقامی غوطہ خوروں کی بروقت کارروائی سے 7 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جبکہ 2 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے خیبرپختونخوا اور پنجاب کی امدادی ٹیموں نے گزشتہ روز مشترکہ سرچ آپریشن کیا، جو 7 گھنٹے تک جاری رہا، تاہم اندھیرے کے باعث کارروائی کو روکنا پڑا۔ آج صبح دوبارہ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں مقامی غوطہ خور بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

حادثے کے بعد مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ متاثرہ خاندان شدید پریشانی اور بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہیں۔ حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دریائے سندھ میں کشتی الٹنے کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔ گزشتہ سال اپریل میں نوشہرہ کے علاقے کنڈ پارک کے قریب ایک کشتی حادثے میں 8 افراد ڈوب گئے تھے، جس کے بعد کشتی رانی کے دوران حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔

ریسکیو اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریا میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں اور غیر محفوظ کشتیوں کا استعمال ہرگز نہ کریں۔

Scroll to Top