امریکا کا بھارت پر زور،جنوبی ایشیا میں کشیدگی کے بجائے استحکام کو ترجیح دی جائے

امریکا کا بھارت پر زور،جنوبی ایشیا میں کشیدگی کے بجائے استحکام کو ترجیح دی جائے

امریکا نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیائی خطے میں امن و استحکام کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرے۔ یہ مطالبہ بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری اور امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لنزاوا کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران سامنے آیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقتصادی تعاون سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کرسٹوفر لنزاوا نے امریکا اور بھارت کے درمیان قریبی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے نئی دہلی سے’’مارکیٹ رسائی‘‘ بڑھانے کا بھی مطالبہ دہرایا۔

اس کے ساتھ ساتھ امریکی نائب وزیر خارجہ نے مائیگریشن پالیسی اور منشیات کے خلاف عالمی مہم (اینٹی نارکوٹکس) میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں تجارتی روابط، سکیورٹی تعاون اور عالمی سطح پر بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں مشترکہ اہداف پر اتفاق رائے ہوا۔

واضح رہے کہ بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری 27 مئی سے 3 روزہ سرکاری دورے پر امریکا میں موجود ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید وسعت دینا اور اہم عالمی و علاقائی امور پر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔

یہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب جنوبی ایشیا میں جغرافیائی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر عالمی قوتیں، بالخصوص امریکا، گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top