پشاور کے علاقے ارمڑ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو قتل کرنے والے دو مرکزی ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
19 مئی کو ارمڑ میں فائرنگ کے دلخراش واقعے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو سفاکی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتولین میں ماں، بیٹی، دو جوان بیٹے اور دو معصوم بچے شامل تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شمشاد اور منصور کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کو شبہ تھا کہ مقتولین نے ان کی بہن کو پھانسی دے کر قتل کیا ہے جس کے بعد انہوں نے بدلے کے طور پر یہ افسوسناک اقدام کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف بھی برآمد کر لی ہے۔
ایس ایس پی مسعود بنگش نے کہا کہ پشاور میں گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 107 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 107 ملزمان زخمی اور 5 ہلاک ہوئے اور مختلف جرائم میں ملوث 2000 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدرآصف زرداری نے 18 برس سے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل پر دستخط کر دیئے
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں پیش آنے والے تمام بڑے جرائم کی تفتیش جاری ہے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔





