پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایون خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے اور ایک بار پھر احتجاج کی کال دے کر صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایون خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بار بار ہونے والے احتجاجوں پر خیبرپختونخوا کے خزانے سے عوامی پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جب کرپشن کے خلاف پرامن احتجاج کیا تو صوبائی حکومت نے شیلنگ کی اور ہمارے خلاف مقدمات درج کیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آج عدالت میں پیش ہوئے تھے تاکہ ان جھوٹے مقدمات میں ضمانت حاصل کی جا سکے جس پر عدالت نے ہمیں 14 جون تک عبوری ضمانت دے دی ہے۔
ہمایون خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خود ہر ہفتے احتجاج کرتی ہے سرکاری املاک کو نقصان پہنچاتی ہے اور سیکیورٹی فورسز پر حملے کرتی ہے لیکن ہمارے پرامن احتجاج پر لاٹھی چارج اور مقدمات درج کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کے پاس نہ کارکن باقی نہ طاقت، کیمپ کو آگ لگانا کمزوری کی علامت ہے، بیرسٹر سیف
ہمایون خان نےمزید کہا کہ ہمارے خلاف پرچے کرنے سے پہلے پی ٹی آئی کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، ہم آئندہ بھی کرپشن کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔





