افغان طالبان نے پاکستان کو دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی اجازت دے دی، ظاہر شاہ شیرازی

پشاور:معروف سینئر صحافی ظاہر شاہ شیرازی نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان اس بات پر متفق ہو چکے ہیں کہ دہشتگردی نہیں ہونی چاہیے اور اگر افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر کوئی حملہ ہوتا ہے تو وہ ان حملہ آوروں کی مدد نہیں کریں گے۔

شیرازی کے مطابق افغان طالبان نے یہ بھی واضح پیغام دیا ہے کہ ان کے پاس وسائل کی کمی ہے اور اس پس منظر میں پاکستان کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کے خلاف استعمال ہونے والے دشمن عناصر کو ہدف بنا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے خلاف ایک نئی گریٹ گیم ترتیب دی گئی تھی، جس میں بھارت، امریکہ، اسرائیل اور دیگر ممالک شامل تھے۔ اس گیم کے تحت بھارت کی جانب سے کیا جانے والا حملہ بھی اسی سازش کا حصہ تھا، مگر یہ ٹیسٹ ناکام ہو گیا۔ اس ناکامی نے ایران، افغانستان، یو اے ای، قطر اور سعودی عرب کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

ظاہر شاہ شیرازی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان چھوٹے چھوٹے مسائل، جیسے تجارتی رکاوٹیں اور آمد و رفت کے مسائل، حل کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں سولر اسکیم یا اربوں کی بندربانٹ؟ پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں ہوش اُڑا دینے والے انکشافات

انہوں نے تجویز دی کہ جس طرح افغانستان ویزا فری رجیم چاہتا ہے، اسی طرح انہیں بھی پاکستان کو ویزا فری سہولت دینی چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ جو افغان شہری غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں، انہیں یا تو قانونی دائرے میں آنا چاہیے یا اپنے وطن واپس لوٹ جانا چاہیے۔

Scroll to Top