پاکستان ریلویز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کی سہولت کیلئے 5 خصوصی ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، تاکہ شہری با آسانی اپنے پیاروں کیساتھ عید مناسکیں۔
نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز) کے مطابق عید اسپیشل آپریشن کا آغاز آج 2 جون سے ہو رہا ہے، جس کے تحت پہلی ٹرین دوپہر 1 بجے کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہو گی۔
دوسری ٹرین 3 جون صبح 10 بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی۔
تیسری ٹرین 3 جون شام 5 بجے لاہور سے براستہ ملتان کراچی جائے گی۔
چوتھی ٹرین 3 جون رات 8 بجے کراچی سے راولپنڈی روانہ ہوگی۔
پانچویں اور آخری اسپیشل ٹرین 4 جون رات 8 بجے کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔
ریلوے ترجمان کے مطابق تمام اسپیشل ٹرینیں اکانومی، بزنس اور اسٹینڈرڈ کلاس پر مشتمل ہوں گی تاکہ مختلف طبقے کے مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید آپریشن کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ذمہ دار عملے اور افسران کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وقت پر اسٹیشن پہنچیں، ٹکٹوں کی بکنگ بروقت کروائیں، اور ریلوے عملے کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ عید کا سفر خوشگوار اور محفوظ بنایا جا سکے۔





