بھارت دریاؤں کے پانی کو ہتھیار بنا رہا ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے فورم پر پاکستان کا مؤقف دنیا تک پہنچانے کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ہے، مگر یہ امن صرف عزت اور برابری کی بنیاد پر ممکن ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل تلاش نہیں کیا جاتا۔ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریاؤں کے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ میں اس مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے کہ پاکستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف کھڑے ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے ہی دی ہیں،پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنا چاہتا ہےمگر بھارت کی جانب سے دہشتگردی کو ایک سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ مقبوضہ کشمیر اور خطے کے دیگر مسلم اکثریتی علاقوں میں ظلم و ستم کر رہا ہے۔ اگر بھارت مسلمانوں کو نشانہ بناتا رہے گا تو پھر نہ صرف دہشتگردی کے خلاف جنگ متاثر ہوگی بلکہ امن کا قیام بھی ناممکن ہو جائے گا۔پاکستان کا امن کا پیغام واضح ہے ہم امن چاہتے ہیں، مگر عزت اور برابری کے ساتھ۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں اہم سیاسی اور سفارتی 9 رکنی وفد نیویارک میں ہے جہاں وہ اقوام متحدہ میں چین اور روس کے مستقل مندوبین اور او آئی سی گروپ کے سفیروں سے آج ملاقات کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نوشہرہ، گھر سے غائب ہونے والی حاملہ خاتون کی جھلسی ہوئی لاش برآمد

پاکستانی وفد میں بلاول بھٹو کےساتھ وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی چئیرپرسن اور سابق وزیر اطلاعات شیری رحمان، قومی اسمبلی میں امور خارجہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی چئیرپرسن اور سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر، سابق وفاقی وزیر برائے تجارت اور دفاع انجینئر خرم دستگیرخان، سینیٹر سید فیصل علی سبزواری اور سینیٹر انجم بٹ شامل ہیں۔

Scroll to Top