نوشہرہ، گھر سے غائب ہونے والی حاملہ خاتون کی جھلسی ہوئی لاش برآمد

نوشہرہ کے تھانہ کینٹ کی حدود میں 25 سالہ عظمیٰ، جو کہ آٹھ ماہ کی حاملہ تھیں، گزشتہ روز پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے بعد آج جھلسی ہوئی حالت میں مردہ پائی گئیں۔

ڈی ایس پی نوشہرہ مقدم خان کے مطابق مذکورہ خاتون کے شوہر یاسین نے 21 مئی کو پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی بیوی عظمیٰ گھر سے نکلی ہے اور اس کا موبائل فون بند آ رہا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی اور ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔تفتیش کے دوران شوہر کی بہن حمیرا تاج اور بھائی ثاقب کو گرفتار کیا گیا۔

دورانِ تفتیش انہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے رشتہ دار زاہد کے ساتھ مل کر عظمیٰ کو قتل کیا، پھر لاش پر پیٹرول ڈال کر اسے جلا کر ویرانے میں دفنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں :بجٹ میں ضم شدہ اضلاع کے لیے 70 ارب روپے رکھے گئے ہیں،احسن اقبال

ملزمان کی نشاندہی پر لاش برآمد کر کے اسپتال منتقل کی گئی، بعد ازاں ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ مقتولہ کی نند اور دیور گرفتار ہیں، جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top