حج 2025 کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ 10 جون سے شروع ہو گا، جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وطن واپسی کی پہلی حج پرواز 10 جون کو جدہ سے رات 11 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہو کر 11 جون کی صبح 3 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔ اس پرواز میں 307 ایسے حاجی شامل ہوں گے جنہوں نے مختصر حج اسکیم کے تحت فریضہ ادا کیا۔
حکام کے مطابق 11 جون کو مجموعی طور پر 8 پروازیں اسلام آباد، لاہور، ملتان اور کراچی کے لیے روانہ ہوں گی، جو حاجیوں کو وطن واپس لائیں گی۔
سرکاری حج آپریشن 10 جولائی کو مکمل ہو گا۔ اس دوران 342 پروازوں کے ذریعے سرکاری اسکیم کے تحت 88,390 حاجیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
حج فلائٹ آپریشن میں پاکستان کی سرکاری، نجی اور سعودی ایئرلائنز حصہ لیں گی تاکہ واپسی کے تمام مراحل بروقت اور محفوظ طریقے سے مکمل کیے جا سکیں۔
حکام نے حاجیوں اور ان کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ حج پروازوں کے شیڈول سے باخبر رہیں اور متعلقہ ایئرلائنز یا حج ڈائریکٹوریٹ سے بروقت معلومات حاصل کریں تاکہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔





