بنوں :ممبر قومی اسمبلی مولانا سید نسیم علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا ترقی کے منازل طے کر رہی ہے مگر ہم امن کیلئے ترس رہے ہیں، بنوں میں ایک عرصہ سے جاری بد امنی کے خاتمے کیلئے ہم نے سکیورٹی اداروں کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کی ہے اور اقوام بنوں کا مقدمہ لڑا ہے لیکن ان کی طرف سے تسلی بخش جواب سامنے نہیں آ یا ہے اور نہ ہی ہمیں مطمئن کر سکے جس کی وجہ سے اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں ۔
بنوں پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئےمولانا سید نسیم علی شاہ نے کہا کہ جانی خیل، بکاخیل اور سب ڈویژن وزیر میں ریاست مخالف قوتیں ہیں جس سے عوام کافی تنگ ہے، اس کے خلاف ریاست سنجیدگی کا مظاہرے کرے کیونکہ آج ہر شریف شہری بھتہ دینے پر مجبور ہے ،کاروباری طبقے کو ٹیلی فون کے ذریعے دھمکایا جا رہا ہے ۔ان مسائل کے حوالے سے اقوام بنوں کے عمائدین نے کافی تگ و ودو اور محنت شروع کی ہے جن کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی اسمبلی کے فلور پر بھی امن و امان کے حوالے سے انتہائی سخت موقف پیش کیا ہے جس کی وجہ سے اسپیکر قومی اسمبلی اکثر تقریر کا موقع بھی نہیں دیتے لیکن اپنا احتجاج ایوان میں بھی ریکارڈ پر لانے کیلئے پینا فلیکس کا سہارا لیتا ہوں ۔
ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جتنے بھی مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ان میں ایسا کوئی مقدمہ نہیں جس میں کوئی حقیقت ہو اور اس پر اُنہیں سزا ملے، عمران خان کی مقبولیت کم کرنے کیلئے قسم قسم حربے استعمال کئے گئے لیکن میڈیا کی بدولت آج قوم کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا، اسٹیبلشمنٹ کی تمام تر کوششوں کے باوجود عمران خان کی مقبولیت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوا۔
اُنہوں نے کہا کہ امن و امان کے ساتھ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اکنامک زون منصوبہ جوکہ پی ٹی آئی حکومت کا بڑا منصوبہ ہے ،آنے والے بجٹ میں گریڈ کیلئے خطیر فنڈز کی منظوری دی جائے گی تاکہ جلد سے جلد اس منصوبے کو فعال کیا جائےد اس کے ساتھ ساتھ بنوں سٹی کیلئے 30 ارب کے پی سی پراجیکٹ لا رہے ہیں، سینی ٹیشن، پینے کے صاف پانی، نکاس آب، گلیوں کی پختگی سمیت اہم منصوبے مکمل کئے جائیں گے جس کیلئے بہت جلد پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کر دیا جائے گا اور سال کے آخر تک اس منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔
انہوں مزید نے کہاکہ کے ایف ڈبلیو پراجیکٹ کے تحت ضلع کے تمام تحصیلوں میں سینی ٹیشن کیلئے ڈھائی ارب کی لاگت سے منصوبے مکمل کئے جائیں گے جس کے تحت کم ترقی یافتہ تحصیلوں کو اربن علاقوں کے برابر لایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنی گل سٹی ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جوکہ نگران حکومت میں ختم کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن صوبے میں پی ٹی آئی حکومت آنے کے تحت اس بڑے منصوبے کی بحالی کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے جس کے ٹینڈر باقاعدہ اخبارات میں جاری کئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ سرکلر روڈ فیز ٹو کا آغاز کرکے شگئی دریائے کرم پل سے ڈی آئی خان روڈ تک کام جاری کر دیا گیا ہے مجموعی طور پر ضلع بنوں کیلئے ایک کھرب روپے کے منصوبے لائے جا رہے ہیں جس سے بنوں کی محرومیوں کا آزالہ ہوگا۔
مولانا سید نسیم علی شاہ نے کہاکہ بنوں شہر میں بے ہنگم ٹریفک کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے بنوں میرانشاہ روڈ سے لیکر نورنگ روڈ تک بائی پاس روڈ بنایاجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:بیلا روس نے اپنی فضائیہ کو پاکستان ایئر فورس سے ٹریننگ دلانے کی خواہش ظاہر کردی
اُنہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو جدید طرز طریقے اپگریڈ کیا جا رہا ہے اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی وحید خان، تحصیل بنوں جنرل سیکرٹری خالد ریاض خان، سابق ڈسٹرکٹ کونسلر فیروز خان اور دیگر رہنماء پر بھی موجود تھے





