بیلا روس نے اپنی فضائیہ کو پاکستان ایئر فورس سے ٹریننگ دلانے کی خواہش ظاہر کردی

بیلاروس نے پاکستان ایئرفورس سے آپریشن تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے پی اے ایف سے باقاعدہ تربیتی پروگرام شروع کرنے کی  خواہش کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بیلاروس کی ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس کے کمانڈر میجر جنرل آندرے یولیا نووچ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے میجر جنرل آندرے یولیا نووچ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بیلاروس ایئرفورس اور ایئرڈیفنس کے کمانڈر نے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فضائیہ اور دفاعی تعاون سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے باہمی عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

دونوں جانب سے فضائی افواج کے درمیان قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ فوجی تعلقات پر روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ پاک فضائیہ بیلاروس کی فضائیہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پائلٹس اور مینٹیننس عملے کی بنیادی اور تکنیکی سطح کی تربیت کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بیلاروس ایئرفورس کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں :واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاورکاعیدالاضحی آپریشن پلان تیار، 3563 اہلکار حصہ لیں گے

بیلاروس نے پاکستان ایئرفورس سے باقاعدہ تربیتی پروگرام شروع کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا، ایئرڈیفنس کے کمانڈر نے ایئرچیف کو بیلاروس کے اہم دفاعی یونٹس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Scroll to Top