سوات : ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد شہریوں نے موسم گرما کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وادی کالام کا رخ کر لیا ہے، جہاں سیاحوں کا بے پناہ رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سیاحتی مقام پر لوگوں کی بڑی تعداد پہنچنے کے باعث ہوٹلوں میں رہائش کی گنجائش ختم ہو گئی ہے۔ مقامی ہوٹل مالکان کے مطابق تمام کمروں کی پیشگی بکنگ ہو چکی ہے اور نئے آنے والے سیاحوں کو قیام میں دشواری کا سامنا ہے۔
کالام میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں، ٹریفک کا بڑھتا دباؤ، اور پارکنگ کی کمی سے مقامی انتظامیہ کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔
سیاحوں نے وادی کے قدرتی حسن، ٹھنڈے موسم اور بہتے دریاؤں سے خوب لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ سے اضافی سہولیات، پارکنگ اور صفائی کے بہتر انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی دکانداروں اور ہوٹل مالکان کے لیے یہ رش خوش آئند ہے کیونکہ اس سے مقامی معیشت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ تاہم، اگر سیاحوں کی آمد اسی رفتار سے جاری رہی تو اگلے چند دنوں میں رہائش اور دیگر سہولیات کا مزید بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔





