ٹیمپرڈ چیسز والی گاڑی غیر قانونی قرار، ضبط ہونے پر تلف کر دی جائے گی

ایف بی آر نے ٹیمپرڈ چیسیز گاڑیوں سے متعلق اہم قانون سازی کی منظوری دے دی ہے، چیسیز نمبر میں رد و بدل یا نئی مہر والی گاڑیوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے فنانس بل 2025 میں شامل اس اہم قانونی تجویز کی توثیق کر دی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ ایسی گاڑیاں جو ٹیمپرڈ شدہ چیسز نمبر رکھتی ہوں یا جن پر نئی چیسز مہر ثبت کی گئی ہو انہیں اسمگل شدہ تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ایسی گاڑیوں کی کسی بھی موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن کو بھی غیر قانونی سمجھا جائے گا۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا ٹیمپرڈ چیسز والی گاڑی کو ضبط کیے جانے کے بعد اسے فوری طور پر تلف کیا جائے گا۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایسی گاڑی کو آگ لگا دینی چاہیے ورنہ اس کے سپئیر پارٹس فروخت ہوں گے، ضبط شدہ گاڑیوں کی نیلامی ممکن نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایران کے خلاف فوجی مہم میں شمولیت کی اسرائیلی درخواست مسترد کر دی

قائمہ کمیٹی نے سفارش دی ہے کہ ٹیمپرڈ گاڑیوں کو ضبط کرنے کے بعد 30 دن کے اندر اندر تلف کر دیا جائے تاکہ ان کا دوبارہ استعمال یا غیر قانونی فروخت روکی جا سکے۔

Scroll to Top