ایران اسرائیل کشیدگی ، فیلڈ مارشل کا دورہ امریکہ مزید اہمیت اختیار کرگیا

ایران اسرائیل کشیدگی ، فیلڈ مارشل کا دورہ امریکہ مزید اہمیت اختیار کرگیا

مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا امریکا کا دورہ جغرافیائی اور سفارتی لحاظ سے غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان دنوں امریکا کے سرکاری دورے پر واشنگٹن میں موجود ہیں۔ اگرچہ یہ دورہ کئی ماہ قبل طے شدہ تھا، تاہم حالیہ عالمی اور علاقائی پیشرفت، بالخصوص اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد، یہ دورہ دفاعی اور سفارتی سطح پر نئے معنی اختیار کر چکا ہے۔

واشنگٹن میں فیلڈ مارشل کی موجودگی کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے۔ اسرائیلی جارحیت نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو شدید تر کر دیا ہے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر میں امن کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

یسے وقت میں فیلڈ مارشل کی امریکی قیادت سے ممکنہ ملاقاتیں خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مؤقف کو براہِ راست اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

دفاعی مبصرین کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی امریکا میں صرف ایک عسکری قائد کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک متحرک اور مؤثر سفارتی شخصیت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ ان کا کردار اس وقت امریکا اور مسلم دنیا کے درمیان پل کا کام دے رہا ہے، جہاں وہ اسرائیل-ایران تنازع، انسداد دہشت گردی، سرحدی سلامتی اور خطے میں استحکام جیسے اہم موضوعات پر امریکی پالیسی سازوں سے مکالمہ کر سکتے ہیں۔

گزشتہ مہینوں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ سعودی عرب، چین اور اب امریکا اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اپنی خارجہ اور دفاعی پالیسی کو متوازن انداز میں آگے بڑھا رہا ہے۔ ان دوروں کا مقصد پاکستان کو ایک ذمہ دار، امن پسند اور علاقائی استحکام کے حامی ملک کے طور پر پیش کرنا ہے۔

انسداد دہشت گردی کے حوالے سے امریکا بھی پاکستانی مسلح افواج کے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کوریلا نے سینیٹ کی دفاعی کمیٹی میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات کی تعریف کی۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران، پاکستان جیسے اہم مسلم ملک کے عسکری قائد کی امریکا میں موجودگی، نہ صرف خطے کے لیے ایک مضبوط سفارتی پیغام ہے بلکہ پاکستان کے عالمی کردار کو بھی نئی جہت فراہم کر رہی ہے۔

Scroll to Top