ہری پور: خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کے پہاڑی جنگلات میں لگنے والی شدید آگ تیسرے روز بھی قابو میں نہ آ سکی، جس کے باعث وسیع علاقہ متاثر ہو چکا ہے اور صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی نے سریکوٹ، بگنیاں، گدوالیاں اور تناول کے پہاڑی علاقوں میں کئی میل تک پھیلے جنگلات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور آبادی کی طرف بڑھنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
گدوالیاں اور سریکوٹ کے پہاڑوں پر آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد بھی لی جا رہی ہے، تاہم تحصیل غازی، خانپور اور تناول کے متعدد جنگلات اب بھی آگ کی لپیٹ میں ہیں۔
آگ کے باعث علاقے میں گرمی کی شدت اور فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ مقامی افراد اور فائر بریگیڈ اہلکار مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، لیکن تاحال آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اینٹی کرپشن کی شاندار کارکردگی، مالی سال 2024-25 میں ریکارڈ ریکوری
محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے حکومت سے فوری اور بھرپور امدادی کارروائیوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔





