پشاور:عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک اشتعال انگیزی ہے۔
اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، جبکہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی خاموشی اس ظلم کو مزید بڑھا رہی ہے۔ فلسطین کا مسئلہ 80 سے زائد بار سلامتی کونسل میں پیش کیا گیا، لیکن ہر بار امریکہ نے ویٹو کے ذریعے دبا دیا گیا، جو عالمی انصاف پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ کیا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل صرف امریکہ اور ویٹو پاور رکھنے والے ممالک کے لیے قائم کی گئی ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر ان اداروں کی افادیت پر نظرثانی ناگزیر ہو گئی ہے۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ ایران کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سرزمین، عوام اور خودمختاری کا دفاع کرے، جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں واضح کیا گیا ہے۔ ہم ایرانی فوجی قیادت کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک غیر ذمہ دار اور غیر روایتی صدر ہے — ایسا صدر جس کے بارے میں کوئی نہیں جانتا کہ وہ کیا سوچتا ہے اور کب کیا کہہ دے گا۔ لوگوں نے امید باندھی تھی کہ اس کے آنے سے دنیا میں امن آئے گا، مگر اس کی پالیسیوں نے بدامنی اور بے یقینی کی بنیاد رکھی، جس کے منفی اثرات آج بھی مشرق وسطیٰ اور باقی دنیا میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ امریکہ اسرائیل کو پشت پناہی دے کر مشرق وسطیٰ کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، جبکہ ایران واحد ملک ہے جس نے فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں کھل کر آواز اٹھائی اور عملی مزاحمت کی۔ آج اگر ایران کو جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے تو اس کا سبب یہی ہے کہ اس نے اسرائیلی جارحیت کا کھل کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ تاریخ کے اس نازک مرحلے پر مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں، ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔ ترکی، چین، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر سفارتی کردار ادا کریں۔
میاں افتخار حسین نے کہا کہ پاکستان نے اس نازک صورتحال میں ایک مثبت اور متوازن کردار ادا کیا ہے، جو قابلِ تحسین اور خطے کے امن کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بی آر ٹی پشاور کے کرایوں میں اضافہ
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی باچا خان بابا کے فلسفہ عدم تشدد کی پیروکار ہے اور ہر قسم کے ظلم، دہشتگردی اور غیر قانونی جارحیت کی مخالفت کرتی ہے۔ ہم حق اور باطل کے اس معرکے میں حق کے ساتھ کھڑے ہیں اور پُر یقین ہیں کہ بالآخر فتح حق کی ہوگی۔





