بجٹ میں بڑی نرمی، حکومت کا سولر پینلز پر سیلز ٹیکس 18 سے 10 فیصد کرنے کا اعلان

وفاقی حکومت نے عوامی ریلیف کے طور پر سولر پینلز پر سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے بعض بجٹ تجاویز پر نظر ثانی شروع کر دی ہے، اور بجٹ سے متعلق مشاورت اتحادی جماعتوں کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کا اختیار آئینی طور پر صوبوں کے پاس ہے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے سندھ کی جامعات کے لیے مختص رقم میں نمایاں اضافہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’سندھ کی جامعات کے لیے فنڈز 2 ارب 60 کروڑ روپے سے بڑھا کر 4 ارب 60 کروڑ روپے کر دیے گئے ہیں۔‘‘

مزید برآں، سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کا قیام ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’پاکستان اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کا پُرامن حل چاہتا ہے، کیونکہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔‘‘

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان کی معیشت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے، اور بجٹ میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید مثبت تبدیلیاں متوقع ہیں۔

Scroll to Top