پاکستان ریلوے نے ایکسپریس اور فریٹ (مال بردار) ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق 20 جون 2025 سے ہوگا۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ایکسپریس ٹرینوں اور سیلونز کے کرایوں میں 3 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ فریٹ ٹرینوں کے کرایے 4 فیصد بڑھا دیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (سما)کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں یہ اضافہ آپریشنل اخراجات، ایندھن کی قیمتوں اور دیگر مالی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ فیصلے کا مقصد ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانا اور ٹرین سروسز کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے کرایے 20 جون سے ملک بھر میں نافذ العمل ہوں گے۔





