ملک بھر میں شدید گرمی کے بعد موسم کی کروٹ، محکمہ موسمیات نے 20 جون سے پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیش گوئی کر دی۔ متوقع بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 23 جون کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں داخل ہوں گی، جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ان علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اس دوران وقفے وقفے سے آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
بارشوں سے متاثر ہونے والے اہم علاقوں میں کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور پشاور شامل ہیں۔ کچھ مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال کے علاقوں میں بھی تیز آندھی اور بارش متوقع ہے، جبکہ 22 سے 24 جون تک سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث بجلی کی تاریں، درخت، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ ان بارشوں سے ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی میں نمایاں کمی کی بھی امید کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ اس سال مون سون بارشیں معمول سے 25 فیصد زائد ہو سکتی ہیں، جب کہ لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور راولپنڈی میں بارش کی شدت 40 سے 60 فیصد زائد ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع میں عوامی آگاہی مہم چلانے، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب بسنے والے لوگوں کو مساجد کے ذریعے اعلانات کے ذریعہ بروقت آگاہ کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔





