ایران جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری، پاکستان کلیدی سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، محمود جان بابر

پشاور: سینئر صحافی محمود جان بابر نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایران میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے جنیوا اور استنبول میں اہم بات چیت جاری ہے، جس میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ترکی میں ہونے والی بات چیت کا حصہ ہیں، جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان اس وقت خطے میں ایک اہم سفارتی پوزیشن پر موجود ہے۔

محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ دنیا میں پاکستان کے سوا کوئی اور ملک ایسی پوزیشن میں نہیں کہ وہ بیک وقت ایران، امریکہ اور دیگر اسلامی ممالک سے مؤثر بات چیت کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ واقعی اس خطے پر مکمل کنٹرول رکھتا تو وہ افغانستان سے پیچھے نہ ہٹتا، آج امریکہ کی وہ حیثیت نہیں رہی کہ وہ دوسروں کی جنگ خود لڑ سکے۔

اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ایک مسلمان ملک اسرائیل کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوا تو اسرائیل کو پیچھے دیکھنا پڑا کہ امریکہ کب مدد کو آئے گا، مگر اب ان کی جنگی پوزیشن پہلے جیسی مضبوط نہیں رہی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں، سلامتی کونسل فوری اقدامات کرے،پاکستان

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں اصل جنگ چین اور امریکہ کے درمیان ہے، باقی ممالک صرف ایک اسٹیج کے کردار ہیں۔ ان کے مطابق آنے والے وقت میں دنیا پر امریکی صدر نہیں بلکہ چینی قیادت کا اثر و رسوخ بڑھے گا۔

محمود جان بابر نے زور دیا کہ پاکستان کو اس بدلتی عالمی سیاست میں ہوشیاری سے سفارتی چالیں چلنی ہوں گی۔

Scroll to Top