پاکستان کا بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ

پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں ایک اور ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا باضابطہ نوٹم (این او ٹی اے ایم) آج جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں 24 اپریل کو پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی، جس میں 23 مئی کو ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔ یہ توسیع آج ختم ہو رہی تھی، تاہم اب حکام نے اسے مزید 30 دن کے لیے بڑھا دیا ہے۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو روزانہ لاکھوں ڈالر کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، کیونکہ 100 سے زائد بھارتی پروازیں روزانہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتی تھیں۔

دوسری جانب بھارت نے بھی جوابی اقدام کے طور پر پاکستانی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے۔

اس اقدام سے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی کشیدگی کی عکاسی ہوتی ہے، بلکہ اس کے معاشی اور سفری اثرات بھی نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں۔

Scroll to Top