پی ٹی آئی عوامی مسائل پر احتجاج کی ہمت نہیں رکھتی، صرف بیانات تک محدود ہے، سردار حسین بابک

پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار حسین بابک نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف صوبے کے آئینی حقوق اور عوامی مسائل پر آواز اٹھانے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت صرف بیانات اور مکالموں تک محدود ہو چکی ہے، جبکہ عملی اقدامات کا فقدان ہے۔

پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سردار بابک نے کہا کہ آج بھی سرکاری ملازمین صوبائی اسمبلی کے سامنے سراپا احتجاج ہیں، لیکن حکمران جماعت اس عوامی اضطراب کو نظر انداز کر رہی ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بیانات عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش ہیں۔

انہوں نے بجٹ سے متعلق جاری بحث پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے دوران کسی لیڈر کی ہدایت لینا معمول کی بات ہے، مگر اب اس کی منظوری کو سابق وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے مشروط کرنا اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی چال ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اگر ریلیف نہیں دے سکتے تو بوجھ بھی نہ ڈالیں، عوام کا صوبائی حکومت سے مطالبہ

سردار حسین بابک کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے بیزار ہو چکے ہیں اور احتجاج پر مجبور ہیں، مگر حکومت سنجیدہ اقدامات کی بجائے محض بیانات کے ذریعے معاملہ ٹال رہی ہے۔

Scroll to Top