تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے قطر میں امریکی ایئر بیس پر میزائل حملے کے بعد کہا ہے کہ ایران نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا، لیکن کسی بھی حالت میں کسی کی ہراسانی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، یہ ایرانی قوم کی منطق ہے۔
چند گھنٹے قبل ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے، العدید ایئر بیس، پر بیلسٹک میزائل داغے، تاہم قطری حکام کا کہنا ہے کہ تمام میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی آپریشن بشارت الفتح کے تحت کی گئی، جو سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی منظوری سے عمل میں لائی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حملہ دوحہ میں امریکہ کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر کیا گیا اور یہ ایک طاقتور پیغام ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے کمزور ردعمل پر ٹرمپ کا بیان: دنیا کو مبارک ہو، امن کا وقت آ گیا ہے
پاسداران انقلاب نے کہا کہ ہٹ اینڈ رن کا دور ختم ہو چکا ہے، اور آئندہ ایسے حملے امریکی موجودگی کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ بیان میں امریکی فوجی انفراسٹرکچر اور اسرائیلی حکومت کو بھی مستقبل کے حملوں کا ممکنہ ہدف قرار دیا گیا۔





