ہم کسی کی زیادتی کے آگے ہر گز سر نہیں جھکائیں گے،آیت اللہ خامنہ ای

Pakistan SCO Summit 2026

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نہ کسی پر زیادتی کرتا ہے، نہ ہی کسی کی زیادتی کو برداشت کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ ’’ہم کسی کی زیادتی کے آگے ہرگز سر نہیں جھکائیں گے، یہی ایرانی قوم کی منطق ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی وقار اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران نے امریکی حملے کے جواب میں قطر میں واقع العُدید امریکی فوجی ہوائی اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملہ امریکی جارحیت کا جواب تھا اور ایرانی میزائلوں نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق حملے سے قبل قطر نے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ تین روز قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ امریکا نے العُدید بیس سے اپنے 40 جنگی طیارے واپس بلا لیے تھے۔

خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر بین الاقوامی برادری کی نظریں ایران اور امریکا کے مابین صورتحال پر مرکوز ہیں۔ عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی میں کمی نہ آئی تو خطے میں ایک نئے بحران کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top