خطرہ ختم، قطر اور متحدہ عرب امارات نے فلائٹ آپریشن بحال کر دیے

خطرہ ختم، قطر اور متحدہ عرب امارات نے فلائٹ آپریشن بحال کر دیے

قطر اور متحدہ عرب امارات نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد عارضی طور پر معطل کی گئی فضائی حدود اور ائیرپورٹس دوبارہ کھول دیے ہیں، جس کے بعد کمرشل پروازوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، ایران کی جانب سے قطر میں واقع امریکہ کے زیر استعمال العُدید فوجی بیس پر میزائل حملے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر دونوں ممالک نے اپنی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی تھیں۔ اس دوران تمام اہم ہوائی اڈے بھی بند رہے، جو کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد اب دوبارہ فعال کر دیے گئے ہیں۔

ایوی ایشن تجزیاتی ادارے ’’سرئیم‘‘ کے مطابق، بندش کے دوران کم از کم 26 تجارتی پروازوں کو متبادل راستوں کی جانب موڑا گیا۔ ان میں سے 22 پروازیں دوحہ جا رہی تھیں، جن میں 12 پروازیں قطر ایئرویز کی تھیں۔ دیگر پروازیں دبئی کی جانب رواں تھیں۔ بعض پروازوں کو دیگر ایئرپورٹس پر اتارا گیا، جبکہ کچھ روانگی کے بعد واپس لوٹ آئیں۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق، یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا تھا، تاکہ ممکنہ خطرات سے مسافروں اور فضائی عملے کو محفوظ رکھا جا سکے۔

ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کریں، کیونکہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی وقت حالات تبدیل ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top