وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ون آن ون ملاقات طے

وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ون آن ون ملاقات طے

وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ون آن ون ملاقات آج رات وزیراعظم ہاؤس میں متوقع ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے مطابق، یہ ملاقات وزیر اعظم کی دعوت پر ہو رہی ہے جسے بلاول بھٹو زرداری نے قبول کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، بجٹ امور، خطے میں جاری کشیدگی بالخصوص ایران-اسرائیل تنازع، اور سیز فائر کی کوششوں پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ وزیر اعظم کی جانب سے چیئرمین پیپلز پارٹی اور سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم کو اپنے حالیہ بین الاقوامی سفارتی دوروں کی رپورٹ پیش کریں گے اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ وہ وزیراعظم کو پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی اعتماد میں لیں گے۔ ملاقات میں وہ بجٹ سفارشات تسلیم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

عالمی سطح پر بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ سفارتی بریفنگز کو خاصی پذیرائی ملی ہے۔ برسلز میں پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ کے طور پر ان کی بریفنگز کو عالمی میڈیا نے سراہا ہے۔ گرین پارٹی کے رہنما اور سابق رکن یورپی پارلیمنٹ فرینک نے بلاول بھٹو کو پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اسی طرح، سکھ آرگنائزیشن کے صدر بندر سنگھ نے بھی بلاول بھٹو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیریوں کے ساتھ ساتھ سکھ برادری کے مسائل کو بھی عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جس سے سکھ برادری کے دل جیت لیے۔

یہ ملاقات موجودہ سیاسی منظرنامے اور علاقائی حالات کے تناظر میں نہایت اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top