پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتے ہی زبردست تیزی دیکھی گئی، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مارکیٹ نے 4 اہم نفسیاتی حدیں عبور کر لیں اور 100 انڈیکس میں 4779 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔
کاروبار کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا اور انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 647 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ یہ اضافہ گزشتہ روز کی مندی کے برعکس تھا، جب 100 انڈیکس 3855 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1,16,167 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ میں اس ری باؤنڈ کا سبب سرمایہ کاروں کا بحال ہوتا ہوا اعتماد، سیاسی استحکام کی امیدیں، اور معیشت میں بہتری کی توقعات ہیں۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑی سطح پر خریداری نے مارکیٹ میں تیزی کو فروغ دیا۔
گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں 15 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 19 کروڑ 61 لاکھ سے زیادہ شیئرز کا لین دین ہوا، جس سے مارکیٹ کی سرگرمیوں میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مثبت رجحان برقرار رہا تو مارکیٹ آنے والے دنوں میں مزید نئی بلندیاں چھو سکتی ہے۔ تاہم، بین الاقوامی اور داخلی معاشی عوامل پر گہری نظر رکھنا اب بھی ضروری ہے۔





