عالمی منڈی ہل کر رہ گئی، خام تیل کی قیمتیں زمین بوس،برینٹ 70 ڈالر فی بیرل پر آ گیا

عالمی منڈی ہل کر رہ گئی، خام تیل کی قیمتیں زمین بوس،برینٹ 70 ڈالر فی بیرل پر آ گیا

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے عالمی توانائی مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔

عالمی رپورٹوں کے مطابق، برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کے بعد قیمت 70 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ اسی طرح، امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 7.22 فیصد کمی کے بعد 68.51 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی ہے۔

یہ کمی اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند گھنٹے قبل ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے آغاز کا اعلان کیا۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ فریقین نے سیز فائر پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی دوبارہ کھول دی ہیں۔

ایران کی جانب سے بھی جنگ بندی پر عمل درآمد کی تصدیق کر دی گئی ہے، جس سے خطے میں جاری کشیدگی میں وقتی کمی آئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے بعد مشرق وسطیٰ میں تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات کم ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں یہ بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔

توانائی تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر خطے میں سیاسی استحکام قائم رہتا ہے تو آئندہ دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔

Scroll to Top