ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ سے صوبہ متاثر، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا رویہ مایوس کن ہے، زرتاج گل

ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ سے صوبہ متاثر، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا رویہ مایوس کن ہے، زرتاج گل

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں پر بھی کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بدانتظامی اپنے عروج پر ہے، وزیراعلیٰ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں مصروف ہیں جبکہ صوبے کو 10 کھرب روپے کا ٹیکا لگا دیا گیا ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے اہم مقدمے کو عدالتی چھٹیوں سے قبل بھی مقرر نہیں کیا جا رہا، جو اس نظام کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ آئین و قانون کے مطابق 26 نومبر کو اپنا حق لینے اسلام آباد آئے، ان پر گولیاں برسائی گئیں، لیکن انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں کھڑے صرف پی ٹی آئی کارکنان ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ مقدمات دراصل ان لوگوں پر ہونے چاہئیں جنہوں نے عوام کے حقوق کو کچلا اور آئین پامال کیا۔ زرتاج گل نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا رویہ بھی مایوس کن ہے، جنہوں نے جمہوری اقدار کے دفاع کے بجائے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

تحریک انصاف کی رہنما نے موجودہ حکومتی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحرانوں میں دھکیلنے والے آج خود کو مظلوم بنا کر پیش کر رہے ہیں، جبکہ اصل مظلوم عوام اور ان کے ووٹ ہیں۔

Scroll to Top