خیبرپختونخوا کے اے ڈی پی میں شامل تعلیمی منصوبوں کی تفصیلات جاری

خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم اے ڈی پی جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لیے اے ڈی پی میں مجموعی طور پر 96 منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ان میں بندوبستی اضلاع میں 37 جاری اور 20 نئے منصوبے، اے آئی پی میں 14 جاری اور 5 نئے منصوبے، جبکہ ضم اضلاع اے ڈی پی میں 16 جاری اور 4 نئے منصوبے شامل ہیں۔

نئے منصوبوں میں سکولوں کے لیے زمین کی خریداری کی مد میں 300 ملین روپے، 10 تاریخی سکولوں کی بحالی پر 855 ملین، ٹیلی تعلیم متعارف کرنے پر 100 ملین، ایجوکیشن ایمرجنسی سکول سپورٹ پروگرام پر 1200 ملین، اساتذہ کی تربیت اور لائسنسنگ پر بالترتیب 100 اور 200 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سینٹرز آف ایکسی لینس کا قیام (150 ملین)، ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت 200 سکولوں کا قیام (100 ملین)، سکولوں میں 500 اضافی کلاس رومز (407 ملین)، 50 پرائمری سکولوں کی تعمیر (375 ملین)، گرلز کمیونٹی سکولز اور اے ایل پی سنٹرز (220 ملین)، ای سی ای رومز (5 ملین)، سمارٹ کلاس رومز (500 ملین)، جنوبی اضلاع میں ماڈل سکولز (826 ملین)، ضم اضلاع میں 50 سکولوں کی تعمیر (1500 ملین) اور 120 سکولوں میں باؤنڈری والز اور واش رومز (278 ملین) کی تعمیر شامل ہے۔

ضم اضلاع میں دو کمروں پر مشتمل پرائمری سکولوں میں 500 اضافی کلاس رومز (470 ملین) کا منصوبہ بھی اے ڈی پی کا حصہ ہے۔ اس سال 41 نئے پرائمری سکول، 12 سیکنڈری سکول، 31 پرائمری سکولوں کی مڈل لیول تک اپ گریڈیشن اور 23 مڈل سکولوں کی ہائی لیول تک اپ گریڈیشن کا عمل شروع ہوگا۔

اس کے علاوہ ضم اضلاع میں 71 امتحانی ہالوں اور 64 سائنس لیبز کی تکمیل، 67 سکولوں کی تعمیر، بندوبستی اضلاع میں 2 کیڈٹ کالجز اور ضم اضلاع میں 3 ماڈل سکولز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال میں میگا پراجیکٹس میں ڈیرہ اسماعیل خان میں گرلز کیڈٹ کالج کا قیام، گرلز کیڈٹ کالج مردان کا تعمیراتی کام مکمل کرنے، لکی مروت میں کیڈٹ کالج کا قیام، ضم اضلاع کے طلبہ و طالبات کے لیے ماہانہ وظیفہ پروگرام، ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کی تکمیل، سکولوں کی سولرائزیشن، ضلع خیبر باڑا میں تباہ شدہ سکولوں کی دوبارہ تعمیر، ضم اضلاع میں سکول بیگز اور مفت نصابی کتب کی فراہمی، صوابی ماڈل سکول کا قیام، 150 سکولوں کی اپ گریڈیشن اور 100 نئے پرائمری سکولوں کا قیام شامل ہے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ 2025-26 اے ڈی پی میں کرنٹ سائیڈ بجٹ 303.583 بلین روپے اور ڈویلپمنٹ بجٹ 23.28 بلین روپے ہے، جبکہ مجموعی بجٹ 328.865 بلین روپے رکھا گیا ہے، جو گزشتہ سال سے 13 فیصد زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ

انہوں نے کہا کہ 24 سکیموں کا 91 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جو رواں سال پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گی۔ اس کے علاوہ بچوں کو سکول واپس لانے کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تعلیم کارڈ اور ٹیلی تعلیم جیسے منصوبے بھی رواں سال شروع کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top