محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بھی مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ شہر بھر میں گھنے بادل چھائے رہیں گے۔ ماہرین موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کے زیر اثر صوبے میں 29 جون تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جبکہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات اور ریسکیو ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے الرٹ پر ہیں، جبکہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔





