میں نے ایرانی سپریم لیڈرکوبچایا اور انہوں نے میرا شکریہ تک ادا نہیں کیا، ٹرمپ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن دعوے میں کہا ہے کہ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بننے سے بچایا، مگر بدلے میں اُنہیں شکریہ تک نہیں کہا گیا۔

ایک بیان میں ٹرمپ نے ایرانی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا، ’’آیت اللہ خامنہ ای جانتے ہیں کہ اسرائیل سے جنگ میں فتح کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے، اور ایک ایماندار شخص کو جھوٹ بولنا زیب نہیں دیتا۔‘‘

ٹرمپ نے کہا کہ انہیں معلوم تھا خامنہ ای کہاں پناہ لیے ہوئے تھے، اور اگر وہ چاہتے تو امریکی یا اسرائیلی فوج کو کارروائی کی اجازت دے سکتے تھے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ ’’میں نے ایرانی سپریم لیڈر کو بچایا، لیکن افسوس کہ انہوں نے میرا شکریہ تک ادا نہیں کیا،‘‘ ٹرمپ نے شکوہ کیا۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو عالمی نظام میں واپس آنا ہوگا، ورنہ نتائج ان کے لیے مزید خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ’’میں پابندیاں نرم کرنے اور دیگر اقدامات کے ذریعے ایران کو ایک بہتر موقع دینا چاہتا تھا، لیکن سپریم لیڈر کے نفرت آمیز اور غصے سے بھرے بیانات نے میرے تمام اقدامات روک دیے۔‘‘

ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت میں ایران کے خلاف سخت پابندیاں عائد کیں اور جوہری معاہدے سے امریکہ کو علیحدہ کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات شدید کشیدہ ہو گئے۔

ان کا یہ تازہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ کی صورت حال ایک بار پھر کشیدگی کی طرف جا رہی ہے، اور ایران و اسرائیل کے درمیان بیانات اور بالواسطہ اقدامات کی جنگ جاری ہے۔

Scroll to Top