کرکٹ کے شائقین کے لیے خوشخبری، ایشیا کپ 2025 سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز ممکنہ طور پر 10 ستمبر 2025 سے کیا جائے گا، جبکہ ایونٹ کا شیڈول جولائی کے پہلے ہفتے میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھی کھیلا جا سکتا ہے، جس کے تحت میچز مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق یو اے ای (متحدہ عرب امارات) کو میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
ایشیا کپ 2025 میں شرکت کرنے والی ممکنہ ٹیموں میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور یو اے ای شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ایشیا کپ میں بھی ہائبرڈ ماڈل زیر غور رہا تھا، جس میں پاکستان اور سری لنکا نے مشترکہ میزبانی کی تھی۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق، موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے باعث بھی ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایشیا کپ کا حتمی شیڈول اور میزبان ملک کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔





