سوات سانحہ پر عمر ایوب کا ردعمل، ضلعی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرا دیا

سوات سانحہ پر عمر ایوب کا ردعمل، ضلعی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرا دیا

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سوات واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد متعلقہ حکام کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ مون سون کے دوران سیاحوں کو خاص احتیاط برتنی چاہیے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی جگہوں کا رخ نہ کریں جہاں سیلابی ریلوں کا خطرہ ہو، تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ اگر منظور نہ کیا جاتا تو وفاقی حکومت ایمرجنسی لگا سکتی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بجٹ صرف اس وقت منظور کیا گیا جب پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے فائنل منظوری دی گئی۔

انہوں نے مخصوص نشستوں سے محرومی کو ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’ہم سے مخصوص نشستیں چھینی گئیں، اور یہ سب کچھ ایک طے شدہ ایجنڈے کے تحت کیا گیا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی وکلا کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کیا گیا، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔

عمر ایوب نے واضح کیا کہ پارٹی قیادت پر حملوں اور دباؤ کے باوجود، ’’ہم اپنے بانی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘ ان کے بقول، موجودہ سیاسی صورتحال میں پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر کارکنان اور قیادت اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

Scroll to Top