خیبرپختونخوا کے 700 سے زائد اقلیتی طلباء میں اسکالر شپس کے چیکس تقسیم

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 700 سے زائد اقلیتی طلباء کو تعلیمی معاونت فراہم کرنے کے لیے اسکالرشپ کا اجراء کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے اسکالرشپ کے چیکس طلباء میں تقسیم کیے۔

مشیر اطلاعات نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکالرشپ کا مقصد اقلیتوں کے طلباء کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ریاست کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کیے جا رہے ہیں اور ہمیں اپنے پاکستان کی بنیاد اور وجود کو مستحکم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ملک کی اساس اور وقار پر حملہ آور ہوتے ہیں، لیکن پاکستانیوں کے جذبے اور حب الوطنی کو دیکھ کر انہیں خوشی ہوتی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا، ’’پاکستان ایک حقیقت ہے اور انشاء اللہ یہ قائم و دائم رہے گا۔‘‘

اس اسکالرشپ پروگرام سے صوبے بھر کے اقلیتوں کے نوجوان مستفید ہوں گے، جو اپنے تعلیمی سفر کو آگے بڑھا سکیں گے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top