خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ، ایک بار پھر الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ، ایک بار پھر الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت اور خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے تمام اضلاع کو سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے پری مون سون بارشوں کے اسپیل کے دوران سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے پرہیز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی نے ہنگامی صورتحال میں 1422 پر قائم ٹورازم ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔

اسی دوران، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تمام اضلاع کو دریاوں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف تجاوزات ختم کرنے کی سخت ہدایت دی ہے، کیونکہ یہ تجاوزات پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بن رہی ہیں اور سیلاب کے خطرے کو بڑھا رہی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تجاوزات ختم کرنے کے احکامات کے باوجود مطلوبہ پیش رفت نہ ہونے پر چیف سیکرٹری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چیف سیکرٹری نے تجاوزات کے خلاف بغیر کسی دباؤ کے آپریشن کی ہدایت کی ہے اور مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید براں، ماہرین کی مشاورت سے دریاوں، نہروں اور ندی نالوں
کے کنارے مضبوط پشتے تعمیر کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ آئندہ سیلابی صورتحال میں نقصان کو کم کیا جا سکے۔

چیف سیکرٹری نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے تاکہ صوبے میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جا سکے۔

Scroll to Top