جوڈیشل کمیشن اجلاس،جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ

جوڈیشل کمیشن نےاسلام آباد، پشاور، بلوچستان اور سندھ ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹسز کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی ایکسپریں نیوز کے مطابق چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں مستقل چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے نام پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ سے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہو اجس کے بعد جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس روزی خان، جسٹس محمد کامران خان اور جسٹس اقبال احمد کاسی کے ناموں پر غور کیا گیا، جن میں سے ذرائع کے مطابق جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس روزی خان سنیارٹی لسٹ میں پہلے پر ہیں۔

دریں اثنا جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے لیے محمد جنید غفار کو مستقل چیف جسٹس بنانے کی منظوری دے دی۔ جسٹس جنید غفار سندھ ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں پہلے نمبر ہیں، ان کی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعیناتی متفقہ طور پر ہوئی۔

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے بھی غور کیا گیا، جس میں جسٹس سرفراز ڈوگر،جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام زیر غور آئے۔

بعد ازاں جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو مستقل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کا سنیارٹی لسٹ میں پہلا نمبر ہے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کی مستقل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعیناتی اکثریت سے کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد سمیت 4 ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کے تقرر سے متعلق جوڈیشل کمیشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو مراسلے کے ذریعے آگاہ کردیا۔

سیکریٹری جوڈیشل کمیشن نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو مراسلہ لکھ دیا، جس میں اسلام آباد سمیت 4 ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کے تقرر سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی اکثریت نے جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ مقرر کردیا۔

مراسلے کے مطابق جسٹس روزی خان کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تقرری بھی اکثریت سے کی گئی جبکہ جوڈیشل کمیشن نے اکثریت سے جسٹس جنید غفار کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مقرر کیا۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آرٹیکل 175 اے کی ذیلی شق 8 کے تحت ججز کے تقرر کی کارروائی مکمل کریں۔

Scroll to Top