مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بوجھ آن پڑا، سرکاری دستاویزات کے مطابق ملک میں صحت کی سہولیات ایک سال میں نمایاں طور پر مہنگی ہو گئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (سما )کے مطابق ادویات، ڈاکٹروں کی فیس، ڈینٹل سروسز اور اسپتالوں کی سہولتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لیے علاج مزید دشوار ہو گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں سالانہ 15.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈینٹل سروسز 26.66 فیصد، ڈاکٹر کلینک فیسیں 12.80 فیصد، میڈیکل ٹیسٹ 6.99 فیصد اور اسپتالوں کی سہولتیں 8.30 فیصد مہنگی ہو چکی ہیں۔
جون 2025 کے مہینے میں بھی مہنگائی کا تسلسل برقرار رہا۔ ایک ماہ کے دوران:۔
ادویات کی قیمتوں میں 0.63 فیصد
ڈاکٹر فیس میں 1.32 فیصد
ڈینٹل سروسز میں 1.54 فیصد
میڈیکل ٹیسٹ کی فیسوں میں 1.52 فیصد
اسپتالوں کی سہولتوں میں 1.27 فیصد اضافہ ہوا۔
مجموعی طور پر جون میں صحت کی سہولیات 0.99 فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ سالانہ بنیاد پر یہ اضافہ 12.63 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
ماہرین صحت اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں نہ صرف عام شہری کے لیے علاج کو ناقابل برداشت بنا رہی ہیں بلکہ صحت کے نظام پر بھی سوالیہ نشان اٹھا رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔





