مولانا فضل الرحمان کا تاجروں کے مطالبات کی حمایت کا اعلان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تاجر برادری کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق یہ بات انہوں نے متحدہ ایکشن کمیٹی سرکلر روڈ لاہور کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں تاجر رہنماؤں نے شہر کی خوبصورتی کے نام پر جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن، کاروبار کی بندش اور لاکھوں افراد کے روزگار سے محروم ہونے جیسے اہم مسائل پر مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا۔

تاجر نمائندوں نے شکایت کی کہ حکومت کی موجودہ پالیسیوں سے معاشی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور کاروبار ختم ہونے کے قریب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمیں روزگار سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت عوامی مسائل سے بے پروا نظر آتی ہے‘‘۔

مولانا فضل الرحمان نے وفد کے تحفظات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی غلط معاشی حکمت عملی کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، اور غریب عوام کی قوتِ خرید ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا،’’شہر کی تزئین و آرائش کے نام پر اگر بیروزگاری بڑھائی جا رہی ہے تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں‘‘۔

جے یو آئی کے سربراہ نے واضح کیا کہ ان کی جماعت تاجر برادری، محنت کشوں اور ہر مظلوم طبقے کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن پلیٹ فارم پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے، جس سے عوام کی زندگی مزید اجیرن ہو چکی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام دوست پالیسیاں مرتب کرے اور روزگار کے مواقع کو محدود کرنے کے بجائے انہیں وسعت دے۔

Scroll to Top