خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں کے لیے انتخابی معرکہ سج گیا ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے کل 16 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اعظم سواتی، مراد سعید، خرم ذیشان اور فیض الرحمان انتخابی دوڑ میں شامل ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد طلحہ محمود بھی میدان میں ہیں۔
دوسری جانب، جمعیت علمائے اسلام (ف) کی طرف سے دلاور خان اور عطاء الحق نے نامزدگی جمع کرائی ہے۔
آزاد امیدواروں کی فہرست بھی خاصی طویل ہے، جن میں فیصل جاوید، نورالحق قادری، عرفان سلیم، آصف رفیق، اظہر قاضی مشوانی، شفقت ایاز، محمد وقاص آفریدی اور مرزا محمد آفریدی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی جانچ پڑتال، اپیلوں اور اعتراضات کے مراحل مکمل ہونے کے بعد حتمی فہرست جاری کی جائے گی، جس کے بعد پولنگ شیڈول کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہو گی، جہاں ارکان اسمبلی اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔
سینیٹ کی یہ نشستیں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیے اہم حیثیت رکھتی ہیں، اور خیبرپختونخوا میں متحرک سیاسی ماحول نے ان انتخابات کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔





