سپریم کورٹ سے پی ٹی سی ایل پینشنرز کے حق میں بڑا فیصلہ آگیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی سی ایل کے سابق ملازمین (پینشنرز) کے حق میں بڑا فیصلہ سنا دیا۔

عدالتِ عظمیٰ نے ادارے کے مالی مسائل کو پینشن کی عدم ادائیگی کا جواز تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے 90 دن کے اندر ادائیگیوں کا شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس امین الدین خان نے پینشنرز کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ جسٹس عائشہ ملک نے اختلافی نوٹ تحریر کیا۔

تین رکنی بینچ نے پی ٹی سی ایل کے سابقہ ملازمین کی جانب سے دائر پونے دو سو سے زائد اپیلوں اور درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل کے سابقہ ملازمین پینشن کے مکمل حقدار ہیں، ادارے کے مالی مسائل پینشن کی ادائیگی سے بری الذمہ ہونے کا سبب نہیں بن سکتے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی سی ایل انتظامیہ 90 دن کے اندر پینشن کی ادائیگی کا شیڈول مرتب کرے اور اس عمل کو شفاف و منصفانہ بنایا جائے تاکہ متاثرہ پینشنرز کے جائز مطالبات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کوہستان مالیاتی سکینڈل، ملزم محمد ایوب پلی بارگین کے لیے تیار

سپریم کورٹ نے کہا کہ رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سکیم لینے والے ملازمین پینشن کے حق دار نہیں ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ پینشن میں نظرثانی وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق کی جائے۔

Scroll to Top