اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقامی اور بین الاقوامی نمبروں سے موصول ہونے والے مشتبہ پیغامات سے ہوشیار رہیں، کیونکہ ان کے ذریعے سائبر مجرم ذاتی معلومات اور ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق سائبر حملہ آور جعلی واٹس ایپ آفیشل اکاؤنٹس بنا کر صارفین کو گمراہ کن پیغامات بھیج رہے ہیں جن میں واٹس ایپ کا لوگو استعمال کیا جاتا ہے اور اکثر ان میں ایک مشکوک لنک شامل ہوتا ہے۔
ان لنکس پر کلک کرنے سے صارف کا ڈیٹا چوری ہونے یا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ پیغامات واٹس ایپ سے منسلک نہیں ہوتے بلکہ صارفین کو دھوکہ دینے کے لیے بنائے جاتے ہیں، جن میں اکاؤنٹ بند ہونے یا سیکیورٹی تصدیق کے جھوٹے دعوے کیے جاتے ہیں۔
پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے پیغامات کو نظر انداز کریں، کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں، متعلقہ نمبروں کو فوری طور پر بلاک کریں اور واٹس ایپ کے اندر موجود رپورٹنگ سسٹم کے ذریعے رپورٹ کریں۔
علاوہ ازیں صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اور موبائل ڈیوائسز کو اپڈیٹ رکھیں، ٹو اسٹیپ ویری فیکیشن کو فعال کریں اور مشتبہ پیغامات سے محتاط رہیں تاکہ سائبر حملوں سے بچا جا سکے۔





